کمشنر ساہیوال ڈویژن جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی صحت اورمضبوطی میں کھیلوں کا اہم کردار ہے اور ہر نوجوان کو چاہیے کہ وہ اپنی پسند کے کھیل میں ضرور حصہ لے۔ کھیلیں نہ صرف برداشت، رواداری اور سپورٹس مین سپرٹ پیدا کرتی ہیں بلکہ انسان کو ذہنی طور پر چاک و چوبند بنا کر انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بھی بناتی ہیں۔ انہوں نے یہ بات جم خانہ کرکٹ گراؤنڈ میں انٹر سکول انڈر16کرکٹ چیمئین شپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس میں ضلع بھر سے 8سکولوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کامران خان، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری عبدالقیوم گجر، اے ڈی سی فنانس یاسر فرید، اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری، سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد سعید، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خادم حسین موہل اور قومی کرکٹر سلیم الہٰی سمیت ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے سکولوں کے پرنسپلز اور کھیلاڑیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ تقریب کی نظامت معروف خوش نویس فاروق اظہر نے کی۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے پنجاب حکومت کی طرف سے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور ہدایت کی کہ ضلع اور ڈویژن کی سطح پر دوسری کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کروائے جائیں۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری عبدالقیوم گجر نے بتایا کہ ضلع کی سطح پر یہ مقابلے15اکتوبرتک جاری رہیں گے اور پہلی دو ٹیمیں ڈویژنل مقابلوں کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ضلعی سطح کے ان مقابلوں میں گورنمنٹ کمپری ہنسو ہائی سکول ساہیوال، گورنمنٹ اے پی ایس ہائی سکول ساہیوال، گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر86/6R، گورنمنٹ ہائی سکول میر داد معافی، گورنمنٹ ماڈل ایم سی ہائی سکول چیچہ وطنی، گورنمنٹ ہائی سکول چیچہ وطنی، ڈویژنل پبلک سکول ساہیوال اور یونیک ہائی سکول ساہیوال کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

بعدازاں کمشنر جاوید اختر محمود نے جاری شجرکاری مہم کے تحت اپنے دفتر کے لان میں “بسماراکیہ” کا پودا لگایا۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد سمیت کمشنر آفس کے افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ سرکاری عمارتوں خصوصاً سکولوں، مراکز صحت اور ویٹرنری ڈسپینریوں میں بھرپور شجرکاری کریں تاکہ گرین پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ انہوں نے لیاقت روڈ ساہیوال سے متصل گورنمنٹ ہائی سکول کے فٹ بال گراؤنڈ کو بہتر کرنے اور واکنگ ٹریک بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ فٹ بال کے ساتھ ساتھ عوام کو چہل قدمی اور جاگنگ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جا سکے۔