231

ورلڈ فاریسٹ ڈے کے موقع پر چیچہ وطنی فاریسٹ پارک میں تقریب منعقد ہوئی، طلبہ و طالبات نے 72ہزار سے زائد پودے لگائے

ورلڈ فاریسٹ ڈے کے موقع پر چیچہ وطنی فاریسٹ پارک میں پودے لگانے کی ایک بڑی تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام محکمہ جنگلات نے کیا تھا۔ تقریب میں مقامی سکولوں اور کالجوں کے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے 72ہزار سے زائد پودے لگائے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد، محکمہ جنگلات کے دیگر افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اس موقع پر اپنے خطاب میں درختوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انسانی بقاء کے لئے درخت انتہائی اہم ہیں جو ہمیں آکسیجن، ایندھن، سایہ اور قیمتی لکڑی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا گلوبل وارمنگ جیسے سنگین مسئلے سے دوچار ہے جس سے نمٹنے کے لئے درخت لگانا ہی واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حکومت سنبھالتے ہی درختوں کی اہمیت کے پیش نظر ”پلانٹ فار پاکستان“ مہم کا اعلان کیا جس میں سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کو بھی شریک کیا گیا ہے تاکہ نئی نسل بھی درختوں کی اہمیت سے آگاہ ہو سکے۔ اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد نے بتایا کہ محکمہ جنگلات عوام کو سرکاری نرسریوں سے ارزاں نرخوں پر پودے فراہم کر رہا ہے تاکہ عوام بھی اس قومی مہم میں زور شور سے حصہ لیں اور ملک سے درختوں کی کمی دور کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں۔ بعدازاں کمشنر شعیب اقبال سید نے طلبہ و طالبات کے ساتھ ملکر 100ایکڑ پر پودے لگائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں